اسٹاک مارکیٹ میں تیزی،100انڈیکس میں 322پوائنٹس کا اضافہ

February 21, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں انسٹی ٹیوشنز کی جانب سےخریداری بڑھنے سے بدھ کو تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100انڈیکس میں 322پوائنٹس کا اضافہ ہوا، اس طرح 40ہزار کی حد بحال ہوگئی ،سرمایہ کاری مالیت بھی 40ارب 46کروڑ 88لاکھ روپے بڑھ گئی ۔کاروباری حجم منگل کی نسبت 39.93فیصد زائد رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر 100انڈیکس 322.31 پوائنٹس کے اضافے سے 40279.38 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 30انڈیکس 237.63 هپوائنٹس اضافے سے 19454.34پوائنٹس اور آل شیئر انڈیکس 146. 97پوائنٹس اضافے سے 29103.53پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 337ک مپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 141کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ 165کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 31کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 40ارب 46کروڑ 88لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 79کھرب 77ارب 71کروڑ 5لاکھ روپے ہوگئی۔ بدھ کومجموعی طور پر 13کروڑ 20لاکھ 89ہزارشیئرز کا کاروبارہوا جومنگل کی نسبت 3کروڑ 76لاکھ 96ہزارشیئرز زائد ہے۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے حساب سے کولگیٹ پامولوکے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 50روپے اضافے سے 2050روپے ہوگئی۔