عمران نے بھارتی پروپیگنڈے کے غبارے سے ہوا نکال دی، آصف خان

February 21, 2019

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے میڈیا کوآرڈینیٹر آصف خان نےکہا ہےکہ وزیراعظم عمران خان نے پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت کے شور غوغا کو اپنے مدلل، مدبرانہ اور جرأتمندانہ جواب سے بھارتی پروپیگنڈےکے غبارے سے ہوا نکال دی اور بھارت کو کشمیر میں دہشت گردی کا آئینہ دکھا دیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں مظلوم کشمیریوں اور پاکستان کے عوام کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کا حق ادا کرتے ہوئے ایک ہی خطاب میں بھارت کو امن کے لئے پاکستان کی طرف سے مذاکرات کی دعوت دے دی اور ساتھ ہی ببانگ دہل یہ تنبیہ بھی کر دی کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف کسی قسم کی کوئی فوجی کارروائی کرنے کی جرأت بھی کی تو پاکستان سوچے گا نہیں بلکہ بھرپور جوابی کارروائی کرے گا۔ آصف خان نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کامیاب دورے جس میں پاکستان کے ساتھ 20بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے، پاکستان کے حاجیوں کی پاکستان میں امیگریشن،سعودی ویزہ فیس میں کمی اور ہزاروں پاکستانی قیدیوں کی سعودی جیلوں سے رہائی اور اس کے فوری بعد وزیراعظم عمران خان کا بھارت کو منہ توڑ جواب سے اوورسیز پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔