ہماری امن کی کوششوں کو رائیگاں نہ جانے دیں، مصطفیٰ کمال کی حکومتوں سے اپیل

February 21, 2019

کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر) وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہماری امن کی کوششوں کو رائیگاں نہ جانے دیں، یہ خون رائیگاں نہیں جانا چاہیے، قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں۔ ماضی میں پاک سر زمین پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے کارکنو ں کے قاتلوں کو پکڑا جاتا تو یہ واقعہ نہ ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے پی ایس پی کے پی ایس 122 کے امیدوار عبدالحبیب خلجی کی نمازِ جنازہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں گلشن معمار میں واقع انکے گھر سے لحد تک مرحوم کو سپرد خاک کرنے میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ پی ایس پی کے رہنماؤں، کارکنوں، اہل علاقہ اور عزیز و اقارب نے عبدالحبیب خلجی کے جنازے میں ہزار و ں کی تعداد میں شرکت کی۔