بلجیم کے وقاص راجہ کے لئے فرسٹ کلاس کرکٹ کا ایوارڈ

February 22, 2019

برسلز (عظیم ڈار) بلجیم کے کرکٹ سٹار اور RBCC کرکٹ کلب کے کپتان وقاص علی راجہ نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں پہلا ایوارڈ حاصل کرکے بلجیم میں کرکٹ کلبوں کی تاریخ میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ وقاص علی راجہ بلجیم کرکٹ کی نیشنل ٹیم کے بیسٹ پرفارمر ہیں جنہوں نے بہت کم عرصے میں دنیائے کرکٹ میں کامیابیاں حاصل کرکے اپنا اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے ’’جنگ‘‘ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یورپ جیسے ممالک میں کرکٹ کو عام کرنے کے لئے نئی نسل میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک میں فٹ بال جیسے کھیل کو بہت زیادہ پذیرائی ملی ہوئی ہے، جبکہ کرکٹ کو بہتر خطوط پر استوار کرنے کے لئے کرکٹ کلبوں اور کرکٹ کوچنگ کے ذریعے مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلجیم میں کرکٹ کلبوں اور کھلاڑیوں کو وہ مراعات جو دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو دی جاتی ہیں وہ میسر تو نہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان سے آئے مقیم لوگ اپنی مصروفیات کے باوجود کرکٹ کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کمیونٹی کے مخیر حضرات اور سیاسی، سماجی لیڈران کرکٹ کے کھیل کی بہتری کے لئے کرکٹ کلبوں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس بار کرکٹ ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب یورپی دارالحکومت برسلز سے شروع ہونا یورپ کے ممالک کے لئے اچھی پیش رفت ہے۔ یاد رہے وقاص علی راجہ نے بلجیم کے23کرکٹ کلبوں میں فرسٹ کلاس پرفارمنس دیتے ہوئے ایوارڈ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ کے فروغ کے لئے ہر سطح پر محنت کرنے لئے تیار ہیں۔