پی ایچ اے پبلسٹی فیس وصولی شروع نہ ہوسکی، سیلف ریکوری کے احکامات

February 22, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کی ناقص پالیسیاں کے باعث ٹھیکہ نیلامی کے باوجود پبلسٹی فیس کی وصولی شروع نہ ہوسکی جبکہ ادارہ بحرانوں کا شکارہے ، ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ ہونے سے بے چینی کی صورتحال برقرار ہے ، ادارے کی آمد نی کا واحد ذریعہ پبلسٹی فیس وصولی التواء کا شکارہے ، ڈی جی کی جانب سے ورک آرڈر جاری نہ ہونے کی وجہ سے ٹھیکیدار پبلسٹی فیس کی وصولی کا آغاز نہیں کر سکا ، دوسری جانب چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ نے مارکیٹنگ برانچ کو سیلف ریکوری کے احکامات جاری کر دئیے ہیں،دریں اثنا چیئرمین نے افسران سے ملاقات میں کہا کہ سالانہ ترقیاتی سکیموں کیلئے ڈیمانڈ لاہور بھیج دی ہے جس میں ریجنل ایمیوزمنٹ پارک تعمیر کر نے کی تجو یز بھی شا مل ہے جو کہ 4000ایکڑ پر ہوگا ،ملتان میں اوپن جگہوں پر پارک اور گرین بیلٹس بنائیں گے،ملا ز مین کے مسا ئل جلد حل کر یں گے، پارکوں میں جھولوں کیلئے بھی مربوط لائحہ عمل بنارہے ہیں،جھولے تفریح اور آمدن کا بڑا ذریعہ ہیں،کنٹریکٹ ملازمین کی توسیع اور پبلسٹی فیس ٹھیکہ کی جلد از جلد منظوری کروائیں گے،پارکس کے گرد تجاوزات ہرگز برداشت نہیں کریں گے،تجاوزات کیخلاف آپریشن اور پبلسٹی فیس ریکوری کیلئے ٹیمیں تشکیل دی دیں ہیں،صوبائی وزیر میاں محمود الرشید اور سیکرٹری ہائوسنگ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔