آرڈی اے ایریاز میں غیرقانونی پلازوں کی فہرستوں کی تیاری

February 22, 2019

راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے) محکمہ انٹی کرپشن کے مراسلے کے بعد آر ڈی اے حکام نے غیر قانونی پلازوں کی فہرستیں تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے آرڈی اے سے اس کے کنٹرول ایریاز اور شہری ہائوسنگ سکیموں میں غیرقانونی پلازوں کی تفصیلات طلب کی تھیں ۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی آرڈی اے دفتر میں ملنے والے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے اب تک بغیر نقشہ تعمیر کئے جانے والے پلازوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ اس مراسلے کے بعد شعبہ بلڈنگ حکام نے بلڈنگ انسپکٹروں کو اپنے اپنے سرکلز میں بغیر نقشہ ، نقشہ کے خلاف یا پھر رہائشی نقشوں پر تعمیر ہونے والے پلازوں کی فہرستیں تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق آرڈی اے کے کنٹرول ایریاز ہائیکورٹ روڈ، ملحقہ روڈز ، ایئرپورٹ روڈ، فتح جنگ روڈ ، مورگاہ روڈ، نیو مورگاہ روڈ، اڈیالہ روڈ ، جی ٹی روڈ ، ڈیفنس روڈ سمیت دیگر ایریاز میں ہائوسنگ سکیموں میں مبینہ طور پر غیرقانونی پلازوں اور مارکیٹوں کی بھرمار ہو چکی ہےجس کے نتیجہ میں ادارے کو کمرشلائزیشن فیسوں کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا چکا ہے کئی پلازوں میں سیٹ بیک اور پارکنگ بھی نہیں چھوڑی گئی ۔