رائل نیوی وارشپ نے 9ملین پونڈ کی ہیروئن پکڑ لی

February 24, 2019

لندن (نیوز ڈیسک) رائل نیوی وارشپ نے خلیج میں پٹرولنگ کے دوران 9ملین پونڈ کی ہیروئن قبضے میں لے لی۔ تین ماہ کے دوران پورٹسمتھ بیسڈ ایچ ایم ایس ڈریگون نے اس ریجن میں پانچویں مرتبہ منشیات کی کھیپ پکڑی ہے۔ رائل نیوی کے ترجمان نے کہا کہ یہ بات معلوم ہے کہ منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم دہشت گرد آرگنائزیشنز اور آرگنائزڈ کرائم نیٹ ورکس کی فنڈنگ کا ذریعہ ہے۔ ڈیفنس سیکرٹری گیون ولیمسن نے کہا کہ ہیروئن جیسی منشیات زندگیوں کو تباہ کرتی ہے۔ کرمنلز کو منشیات کی صورت میں یہ زہر تقسیم نہیں کرنے دیا جائے گا اور انہیں انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دنیا بھر میں منشیات کا بڑا اور وسیع نیٹ ورک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ریجن میں منشیات کے خلاف کریک ڈائون اورکرمنلز کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے مخلص اور پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلف کی سیکوٹی ہماری سیکورٹی ہے۔ ہیروئن کی یہ کھیپ اس وقت پکڑی گئی، جب ٹائپ45 ڈسٹرائیر وائلڈ کیٹ ہیلی کاپٹر نے منشیات کی تجارت میں ملوث مشتبہ ویسلزکی تلاش شروع کی۔ پائلٹ لیفٹیننٹ سکاٹ سنڈرلینڈ نے کہا کہ ہم نے ریڈار کے استعمال کے ذریعے مشتبہ جہاز کا پتہ لگایا اور اس کی تلاش کیلئے رائل نیوی وار شپ سے سی بوٹس رائل نیوی اور 42 رائل میرینز کمانڈرز پر مشتمل ٹیم بھیجی گئی، جو منشیات کی کھیپ کو پکڑنے میں کامیاب رہی۔ بورڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ لورینس ولیمز نے کہا کہ ہماری یہ کامیابی اور آپریشنز سخت محنت اور تربیت کا نتیجہ ہے۔