بھارتی دھمکیاں:حکومت فوری پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس بلائے،رضاربانی

February 24, 2019

اسلام آباد (طاہر خلیل)سابق چیئرمین سینٹ سینیٹر میاں رضاربانی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی دھمکیوں کے پیش نظر فوری طور پر پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس طلب کیا جائے اور صورت حال سے نمٹنے کیلئے قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے جس میں پارلیمانی جماعتوں کے رہنمائوں کے ساتھ تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے ، قوم بھارت کے جارحانہ عزائم ناکام بنانے کیلئے متحد اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ہفتےکو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں میاں رضاربانی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی بدترین خلاف ورزی پرعالمی برادری کو موثر آواز اٹھانی چاہئے ۔ اس وقت خود بھارت کے اندر سے بھارتی فوج کے کشمیر یوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے، عالمی برادری اس آواز پر بھی توجہ دے ۔ میاں رضاربانی نے کہا کہ بھارتی دھمکیوں کو ہرگز نظر انداز نہ کیاجائے ۔ پوری قوم بھارت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہے اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارتی عزائم بے نقاب کرنے کیلئے پارلیمانی سفارت کاری کی بھر پور مہم چلائی جائے اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔