پنجاب یونیورسٹی کودنیاکی بہترین4سویونیورسٹیوں میں لائیں گے،وائس چانسلر

February 24, 2019

لاہور(خبر نگار)و ائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمدا ختر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کو دنیا کی 4 سو بہترین یونیورسٹیوں میں لائیں گے ۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے128 ویں جلسہ عطائے اسنادسے خطاب کر رہے۔ وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر نے کہا کہ یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر کو فروغ دینے کیلئے پہلی بار اساتذہ اور طلباؤطالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے انعامات دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی بہترین 50یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے اساتذہ کو سکالرشپس دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بیچلر لیول کے طلباؤ طالبات کو امپیکٹ فیکٹر جرائد میں ایک تحقیقی مقالہ شائع کرانے پر ٹیوشن فیس میں معافی جبکہ دو امپیکٹ فیکٹر تحقیقی مقالہ جات رکھنے والے طلبہ کو بغیر فیس کے ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلہ دیاجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ایمپیکٹ فیکٹر جرائد میں مقالہ شائع کرانے والے طلبہ کوسکالرشپس جبکہ سب سے بہترین ایمپیکٹ فیکٹر جرائد میں تحقیقی مقالہ شائع کرانے وا لے کو نقد انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں پی ایچ ڈی، ماسٹرز، بی ایس اور ایم فل میں سب سے ذیادہ تحقیقی مقالہ جات شائع کرنے والے طلباء و طالبات کو بیسٹ ریسرچر ایوارڈ سے نوازیں اور 20 اساتذہ کو بھی بیسٹ ریسرچر ایوارڈ دیا جائے گا۔ ۔ انہوں نے کہا کہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک اور سٹیم سیل لیب شروع کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ایک ماہ میں 250ایکڑزمین پر میڈیکل سکول اور ہسپتال شروع کرے گی۔ ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیوسٹی کی تاریخ میں پہلی بار آن لائن داخلوں کا آغاز کیا گیا جس میں ڈیڑھ لاکھ امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں اور دس ہزار طلبہ کو داخلہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم کوصنعتوں کی جدید ضروریات کے مطابق تبدیل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے اقتصادی ، تجارتی اور تعلیمی پالیسیاں تیار کی جا چکی ہیں جو کہ جلد ہی حکومت کو پیش کی جائیں گی۔