پاکستان سے مذاکرات کے سوا کوئی چارہ نہیں، سابق’ را‘ چیف

February 28, 2019

بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے سابق چیف اے ایس دُلت نے کہا ہے کہ پاکستان سے مذاکرات اور اس کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ہمیں پاکستان کے ساتھ مل جل کر معاملہ کرنا پڑے گا۔ کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کو طاقت سے نہیں دبایا جا سکتا۔

اے ایس دلت نے کہاکہ جنوبی کشمیر کچھ عرصے سے ہمارے کنڑول میں نہیں ہے، بعض اوقات تو ایسا لگتا ہے کہ وہاں آگ لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ وہاں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہمارے کنٹرول میں ہے، جو کچھ وہاں ہو رہا ہے اسے ہم صحیح طور پر نہیں سمجھ پا رہے ہیں۔

را کے سابق چیف نے کہا کہ اس بات کا اعتراف ایک سینئر آرمی آفیسر جنرل ہوڈا نے بھی کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر عسکریت پسندوں کی حمایت میں پورا گاؤں نکل آئے تو پھر فوج زیادہ کارروائی نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات وہ ایک سے زائد بار کہہ چکے ہیں کہ ہم جو کچھ کر سکتے تھے ہم نے کیا اب سیاستدانوں پر منحصر ہے وہ کیا کرتے ہیں۔ طاقت سے نمٹنے کی پالیسی دنیا میں کہیں بھی کارگر ثابت نہیں ہوئی، بھرپور اور جارحانہ ڈپلومیسی بہترین آپشن ہے۔ اس طرح سے کشمیر عالمگیر سطح پر آ جائے گا اور ساری توجہ اس پر مرکوز ہو جائے گی۔

بھارتی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ نے کہا کہ واجپائی نے کہا تھا کہ آپ دوستوں کا انتخاب کرسکتے ہیں لیکن پڑوسیوں کا انتخاب نہیں کر سکتے، پاکستان ایک حقیقت ہے، ہمیں پاکستان کے ساتھ مل جل کر معاملہ کرنا پڑے گا۔