بھارتی میڈیا نسواراور ایف16میں فرق بھول گیا

March 01, 2019

بھارتی میڈیا پورا زور لگاکر بھی جب پاکستانی ایف 16 مار گرانے کا ثبوت نہ لاسکا تو اس نے نسوار کے اشتہار کو ہتھیار بنالیا۔

پاکستان دشمنی میں زہریلا پروپیگنڈا کرنے میں مصروف بھارتی میڈیا،جو من گھڑت کہانیاں بنانے میں اپنی مثال آپ ہے،اس نے وہاں بھی پہاڑ بنادیا جہاں رائی تک نہ تھی۔

بھارتی چینل نے نسوار کے اشتہار کو ایف سولہ طیارہ بناکر دکھا دیا۔

بھارتی میڈیا پر پاکستان کے خلاف کچھ ایسا ہی چلتا نظر آرہا ہے، جس کا نہ کوئی پیر ہے او ر نہ ہی سر، کیونکہ اس بار اس نے ایف سولہ نسوار کا انتخاب کیا ہے۔

بھارتی میڈیا پر ایف سولہ کا ایک پرزہ دکھایا جا رہا ہےجبکہ اس کے برابر کاغذ کا ایک اور پرزہ بھی جس پر نسوار کا اشتہار بنایا گیا ہے۔

ہوسکتا ہے کہ شاید نسوار کے شوقین اسے منہ میں دبا کر بلند پرواز کے مزے لیتے ہوں، لیکن بھارتی میڈیا کی قسمت میں ایسے مزے کہاں ہیں ان کے تو گھر کے بھیدی ہی لنکا ڈھا دیتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کو پاکستان کو جھوٹا ثابت کرنے کا بھی بہت شوق ہے، لیکن کیا کیا جائے کہ ہر بار خود ہی جھوٹے ثابت ہو جاتے ہیں۔

اسی لیے اب گھر کے اندر سے آوازیں آنے لگی ہیں کہ بھارتی میڈیا نہ دیکھیں، اسے دیکھنے سے کم سے کم دو مہینے تک پرہیز کریں۔