پی سی بی نے سرفراز احمد کو پریس کانفرنس سے روک دیا

March 09, 2019

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو پریس کانفرنس سے روک دیا۔

پی سی بی نے سرفراز احمد کو پریس کانفرنس کے بجائے اپنی مرضی کے جواب دینے کی اجازت دے دی،بورڈ نے پیغام ریکارڈ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے سرفراز احمد کو پریس کانفرنس سے صرف اس لئے روکا ہے کہ کہیں کوئی نیا تنازع نہ بن جائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان نےکراچی میں پریس کانفرنس کی اور کہاکہ سرفراز احمد سے متعلق کوئی تنازع نہیں،کپتان کی پریس کانفرنس نہ کرنے کا فیصلہ مشورے سے کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میچ کے لئے کپتان سمیت سب ہی ایکسائیٹڈ ہیں بہت سے پلیئرز نیشنل اسٹیڈیم میں نہیں کھیلے ہیں،لیکن انہیں پچ اور فیلڈ کے متعلق اچھا گائڈ کیا ہے،رزلٹ مزید بہتر نظر آئے گا۔

یہ اطلاعات بھی زیر گردش ہیں کہ سرفراز احمد سلیکٹرز اور ہیڈکوچ مکی آرتھر سے ناخوش ہیں اور انہوں نے آسٹریلیا کےخلاف سیریز میں قومی ٹیم کے ساتھ یو اے ای میں رہنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ وہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو قریب سے دیکھ سکیں۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی سرفراز احمد کو پاکستان میں رکھ کر آرام دینا چاہتی ہے کیونکہ شعیب ملک کے ساتھ مستقل کپتان کا ڈریسنگ روم میں بیٹھنا مسائل پیدا کرسکتا ہے لیکن اس معاملے میں گیند پی سی بی چیئرمین احسان مانی کی کورٹ میں ہے۔