ایتھوپیا میں حادثہ، متعدد ممالک کا بوئنگ کے 737 میکس طیاروں پر پابندی لگانے کا فیصلہ

March 15, 2019

سنگاپور /برسلز (اے پی پی) ایتھوپیا میں اتوار کو ہونے والے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ 737 میکس 8طیارے کے حادثے کے بعد چین، روس اور یورپی یونین سمیت دنیا کے تقریباً 50ممالک اور ان کی ایئر لائنز نے ان طیاروں کی پروازوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے،جس کے نتیجے میں یہ امریکی کمپنی شدید بحران کا شکار ہو گئی ہے اور حصص کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں کمپنی کو اربوں ڈالر کا نقصان ہو چکا ہےجبکہ طیارہ ساز کمپنی کی ساکھ بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ اس حادثے کے نتیجے میں ایتھوپین ایئرلائنز کا بوئنگ737 میکس 8طیارہ پرواز کے فوری بعد گرکر تباہ ہوگیا تھا جس کے باعث اس میں سوار مسافر اور عملے کے تمام افراد ہلاک ہوگئے تھےفرانسیسی خبر رساں ایجنسی، وائس آف امریکہ اور دیگر ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی یونین کی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) نے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے737-8اور 737-9طیاروں کی بلاک میں پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔سوئس حکام کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے فیصلے کے مطابق انھوں نے بھی بوئنگ 737 میکس8طیاروں کی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے چین کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے 96عدد بوئنگ میکس 8طیارے گراؤنڈ کردئیے ہیں ان میں وہ طیارے بھی شامل ہیں جو ایئرچائنا، چائنا ایسٹرن ایئرلائنز، چائنا سدرن ایئرلائنز اور ہینان ایئرلائنز کے زیر استعمال ہیںمیکسیکن ایئرلائن نے کہا ہے کہ اس نے اپنے بوئنگ کے 6(میکس 8)طیاروں کی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے، ان پروازوں کو دیگر طیاروں کے ذریعے کور کیا جائے گا۔آسٹریلین سول ایوایشن سیفٹی اتھارٹی نے کہا ہے کہ اس نے بوئنگ 737میکس ایئر کرافٹس کی پروازوں پر اندرون و بیرون ملک پابندی عائد کردی ہے۔برٹش اوورسیز ٹیریٹری ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ اس نے بوئنگ کمپنی کے میکس 8 اور میکس 9طیاروں کی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔برازیل کی ہواباز کمپنی گول جس کے پاس بوئنگ کے میکس 8 ماڈل کے 7طیارے ہیں ، کا کہنا ہے کہ وہ اس ماڈل کے طیاروں کی پروازیں معطل کررہی ہے اس کا کہنا ہے کہ وہ بین الاقوامی روٹس پر بوئنگ 737این جیز کا استعمال کرے گی۔برٹش اوور سیز ٹیریٹری ایئرلائنز ” کائمن ایئرویز “ نے کہا ہے کہ اس نے اپنے دونوں بوئنگ میکس 8طیارے گراؤنڈ کردئیے ہیں۔ جنوبی افریقن ایئرلائن نے کہا ہے کہ وہ اپنے پروازوں کے شیڈول میں سے بوئنگ 737 میکس 8 جیٹ طیارے نکال دے گی، کمپنی نے اس طرح کے 8طیاروں کی خریداری کا آرڈر دے رکھا ہے تاہم ابھی تک صرف ایک وصول ہوا ہے۔ایتھوپین ایئرلائن جس کے بوئنگ 737 میکس 8طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 157افراد ہلاک ہوگئے تھے، نے اپنے فلیٹ میں شامل اس طرح کے باقی 4طیارے بھی گراؤنڈ کردیے ہیں۔بھارت کی چوتھی بڑی فضائی کمپنی نے کہا ہے کہ وہ بوئنگ میکس طیارے گراؤنڈ کردے گی۔کمپنی کے پاس بوئنگ میکس 8قسم کے 12طیارے ہیں جبکہ اس نے مزید 155میکس طیاروں کی خریداری کے لیے آرڈر دے رکھا ہے۔کویت کی سرکاری خبر ایجنسی کونا کے مطابق ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنی فضاؤں میں بوئنگ میکس 8طیاروں کی پرواز پر پابندی عائد کردی ہے۔ میات منگولین ایئرلائنز جس نے بوئنگ کمپنی کا ایک 737 میکس طیارہ کرائے پر حاصل کررکھا ہے، اسے گراؤنڈ کردیا ہے۔نارویجن ایئر لائنز یورپی یونین کی ہدایت پر اپنے بوئنگ میکس 8قسم کے طیارے عارضی طور پر گراؤنڈ کرے گی، اس کے پاس 18بوئنگ میکس جیٹ طیارے ہیں۔فجی ایئرویز نے ملکی فضائی حدود میں بوئنگ میکس 8طیاروں کی پروازوں پر پابندی عائد کی ہے ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اسے اس طیارے کی صلاحیت پر اعتماد ہے تاہم عوامی تحفظ اور دنیا بھر میں اس حوالے سے جاری اقدام کے باعث اس کی پروازیں معطل کی جارہی ہیں۔روس کی ایس۔ سیون ایئرلائنز نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیڑے میں شامل دو بوئنگ میکس8طیارے گراؤنڈ کررہی ہے اور اس فیصلے سے اس کے فلائیٹ شیڈول پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔سنگاپور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے تمام بوئنگ 737میکس طیاروں کی اندرون و بیرون ملک پروازیں معطل کردی ہیں۔ جنوبی کوریا کی کم نرخ ایئرلائن ” ایسٹر جیٹ “ نے کہا ہے کہ وہ اپنے دو میکس 8جیٹ طیاروں کی ہنگامی انسپکشن کرارہی ہے،ان طیاروں کو فوراً عارضی طور پر گراؤنڈ کیا جارہا ہے۔جرمنی کے ٹی یو آئی ایئرویز گروپ نے کہا ہے کہ وہ بوئنگ 737میکس 8طیاروں کی تمام پروازیں معطل کررہا ہے۔ترکش ایئرلائنز نے بھی اپنے 12 بوئنگ میکس 8اور میکس 9طیاروں کی پروازیں معطل کر دی ہیں۔پولینڈ کی شہری ہوا بازی کے دفتر نے بھی بوئنگ 737 میکس8کی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے کینیڈا کے وزیر ٹرانسپورٹ مارک گارنیاؤ نے کہا کہ ان کے ملک کا بوئنگ کے میکس 8طیارے گراؤنڈ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں لیکن اگر طیارے میں مسائل بارے کوئی نئی معلومات دستیاب ہوئیں تو وہ بھی اس چیز پر فوری عمل کرے گا۔