کرپشن اورمنی لانڈرنگ دہشت گردی جیسی خطرناک ہیں،گورنرپنجاب

March 15, 2019

لاہور(نمائندہ خصو صی)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ کر پشن اور منی لانڈرنگ بھی ملک وقوم کیلئے دہشت گردی جیسی خطر ناک ہیں ۔انصاف کی فراہمی کے بغیر کوئی معاشر ہ قائم نہیں رہ سکتا ʼʼدو نہیں ایک پاکستان کا نعرہʼʼ بھی بنیادی طور پر معاشرے میں مساوی انصاف کی فراہمی کیلئے ہے ۔موجودہ حکومت عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے پر عزم ہیں۔ وہ گور نر ہائوس میں لاہور ہائیکورٹ بار ایسوی ایشن کے صدر حفیظ الر حمن ʼسیکرٹری جنرل ایاز رانجھا اور کبیر احمد چوہدری ʼعنصر جمیل اور پنجاب بار کونسل کے رکن سید سجاد حیدر شاہ کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وکلاء کے وفدسے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے اینٹی منی لانڈرنگ میں اینٹی ٹیررازم ایکٹ بھی شامل کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے ۔مزید برآں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں پہلی مرتبہ متعارف کرائے جانے والے جدید طریقہ علاج ڈی بی ایس سے آگاہ کیا ۔اب رعشہ اور پارکنسن کے مریضوں کو بیرون ملک نہیں جانا پڑتا ۔پروفیسر خالد محمود نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں اس طریقہ علاج کے ذریعے مریضوں کے علاج معالجے کا سلسلہ جاری ہے ۔