’’نوازشریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار وزیر اعظم ہوں گے‘‘

March 16, 2019

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے اپنے بھائی نواز شریف کی طبیعت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت اور وزیر اعظم عمران خان ہوں گے۔

شہباز شریف نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، حکومت اس حوالے سے بدترین غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی صحت کے معاملے کو حکومت سنجیدگی سے نہیں لے رہی، نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری ہو چکی ہے، وہ بلڈ پریشر اور ذیابیطس کے مریض بھی ہیں۔

صدر نون لیگ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے جو مراعات منظور کی گئی ہیں وہ سمجھ سے باہر ہیں، بطور وزیر اعلیٰ میں نے سرکاری مراعات نہیں لی تھیں،

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی وزارت اعلیٰ کے10 سال میں ایک دن بھی تنخواہ نہیں لی، بطوروزیراعلیٰ پنجاب 10 سال اپنی ذاتی گاڑی استعمال کرتا تھا۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ علاج معالجے کے لیے بھی سرکاری پیسے استعمال نہیں کرتا تھا،تمام طبی اخراجات بھی جیب سے ادا کیے تھے۔