’’کچھ نادان دوستوں نے لاشوں پر سیاست کی کوشش کی‘‘

March 18, 2019

سندھ کے مشیر اطلاعات اور پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عمرکوٹ میں کچھ نادان دوستوں نے لاشوں پر سیاست کرنے کی کوشش کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرپور میں میڈیکل کی طالبہ کی خودکشی کے واقعہ کی تحقیقات کروا رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حکومتِ سندھ نے لواحقین کے تمام مطالبات تسلیم کئے، لواحقین نے کہا کہ ایس پی تھرپارکر سے تحقیقات کروائی جائیں ہم نے تسلیم کیا۔

مشیر اطلاعات سندھ کا مزید کہنا ہے کہ لواحقین نے جن 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کروانا چاہا وہ سلاخوں کے پیچھے ہیں۔

انہوں نے پی ایس ایل کے میلے کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا گیا، کراچی ایک بار پھر پُرامن اور روشنیوں کے شہر میں تبدیل ہوا۔