نواز شریف کی بیماری،ن لیگ کوپوزیشن واضح کرنی چاہئے،سینئر تجزیہ کار

March 19, 2019

کراچی(ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ نواز شریف کی بیماری کو مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف دونوں ہی سیاسی فائدے کیلئے استعمال کررہی ہیں، ن لیگ کو نواز شریف کی بیماری کے معاملہ پر اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے، ن لیگ چاہتی ہے کہ نواز شریف کو علاج کیلئے باہر جانے دیا جائے لیکن کہہ نہیں پارہی ہے جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کو کہنے کا موقع مل گیا ہے کہ نواز شریف ڈیل لے کر باہر جانا چاہتے ہیں،پی ٹی آئی کی تعلیم کے حوالے سے ترجیحات نہ فائدہ مند نہ ہی نقصاندہ ہیں، یونیورسٹی میں ڈریس کوڈ جیسے اقدامات کی علامتی اہمیت ہوسکتی ہے لیکن کوئی حقیقی تبدیلی جنم نہیں لے سکتی،اگر طلباء میں اس سے تنظیم و ترتیب آجائے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، حسن نثار، بابر ستار، حفیظ اللہ نیازی، ارشاد بھٹی اور ریما عمر نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال مریم نواز سے منسوب جعلی خط کی شہباز گل کی جانب سے سوشل میڈیا پر ترویج پر معذرت، ن لیگ کی جانب سے مذمتی بیانات، نواز شریف بیرون ملک علاج چاہتے ہیں، فواد چوہدری، شیخ رشید، معاملہ کو سیاسی فائدے کیلئے ن لیگ استعمال کررہی ہے یا تحریک انصاف؟ کا جواب دیتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ ن لیگ اور تحریک انصاف اپنی عقل، سمجھ اور ظرف کے مطابق سیاست کررہی ہیں۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری کے معاملہ پر تحریک انصاف نے سیاست کرنے کی کوشش کی لیکن جعلی ٹوئٹ کا بھانڈا پھوٹنے کے بعد شہباز گل کو معافی مانگنی پڑی، تحریک انصاف کے پاس معافی مانگنے، وضاحتوں اور یوٹرن کا لمبا سلسلہ ہے۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بیماری کو مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف دونوں ہی سیاسی فائدے کیلئے استعمال کررہی ہیں، پاک بھارت کشیدگی کے بعد ملک میں سب سے بڑا ایشو نواز شریف کی بیماری بن گیا ہے۔