نندی پور ریفرنس میں خواجہ آصف اور نوید قمر بطور گواہ طلب

March 19, 2019

احتساب عدالت میں نندی پور ریفرنس کی سماعت ہوئی، عدالت نے مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف اور پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کو بطور گواہ 21 مارچ کو طلب کر لیا۔

دورانِ سماعت استغاثہ کے گواہ وزارت توانائی کے سیکشن افسر محمد نعیم عدالت میں پیش ہو گئے۔

محمد نعیم نے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے عدالت سے 10 دن کی مہلت مانگ لی۔

نیب پراسیکیوٹرنے احتساب عدالت سے استدعا کی کہ ریکارڈ اکٹھا کرنا ہےلہٰذا عدالت کچھ وقت دے۔

ملزم بابر اعوان نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے پاس گواہی دینے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

گواہ محمد نعیم نے انہیں جواب دیا کہ میں آپ کے خلاف گواہ نہیں، میں تو ریکارڈ کسٹوڈین ہوں۔

بابر اعوان نے انہیں جواب دیا کہ میں آپ سے نہیں کہہ رہا، آپ مجھ سے نہیں، عدالت سے مخاطب ہوں۔

دوران سماعت بابر اعوان اور نیب پراسیکیوٹر کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

بابر اعوان نے کہا کہ آپ سیاسی گفتگو کر رہے ہیں، چھلانگیں نہ لگائیں بلکہ ٹرائل کرائیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس طرح کے الفاظ استعمال نہ کریں۔

بابر اعوان نے کہا کہ بلائیں خواجہ آصف کو کہ وہ سانپ لے کر آ جائیں، خواجہ آصف نیب کا ملزم ہے اور نوید قمر نیب کا قیدی رہا ہے۔

نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ بابر اعوان صاحب جس طرح عدالت میں بول رہے ہیں یہ جلسہ نہیں ہو رہا۔