سمجھوتہ ایکسپریس، ملزموں کی بریت، دنیا بھارت کے دہرے معیار کا نوٹس لے، پاکستان

March 22, 2019

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نےکہا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزموں کی بریت پر دنیا بھارت کے دہرے معیار کا نوٹس لے ، بھارت ایک طرف تو او آئی سی میں نشست چاہتا ہے لیکن کرائسٹ چرچ واقعہ کی مذمت تو کی لیکن مسلمان شہدأاور مسجدوں کا ذکر کرنے پر بھارت پر سکتہ طاری ہو جاتا ہے۔ چین پاکستان کا لازوال دوست اور چٹان کی مانند ہمارے ساتھ کھڑا ہے، رواں سال چین کیساتھ ایک ارب ڈالر اضافی ایکسپورٹ متوقع ہے، امریکا کیساتھ تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔ جمعرات کو وزارت خارجہ میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری، مشیر وزیر اعظم برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس میں شہید ہونے والے بیگناہوں کے ذمہ داران چاروں مجرموں کو بری کر دینا انتہائی تشویشناک ہے۔ اعتراف جرم کے باوجود مجرموں کو بری الزمہ قرار دینے سے متعلق بھارتی عدالت کے فیصلے نے دنیا کو حیران کر دیا ۔