یوم پاکستان پر دیکھیں”جیونیوز“ کے خصوصی پروگرام ، اسپیشل کوریج

March 23, 2019

کراچی (محمد ناصر) 23مارچ1940پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دِن ہے ، اس دِن ہندوستان سے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کی قرارداد منظور ہوئی ، یہ پاکستان کی تاریخ کا روشن اور تابندہ باب ہے، یہ دِن ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا دِن ہے ۔ ہمیشہ کی طرح اس برس بھی ”یوم پاکستان “ انتہائی ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ”جیونیوز“ نے اِس دِن کی مناسبت سے خصوصی پروگرم تشکیل دیئے ہیں۔ جیونیوز کا خصوصی مارننگ شو ”جیو پاکستان “ بالکل منفرد انداز میں ہفتے کی دوپہر ایک بجکر 5 منٹ پر نشر ہوگا جس میں جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال، پیپلزپارٹی کی رہنما ناز بلوچ، مسلم لیگ (ن) کی مائزہ حمید، سینئر صحافی عاصمہ شیرازی، تجزیہ کار بے نظیر شاہ، گلوکارہ نیرودھا مالینی اور گلوکار نوید عباس گفتگو میں شریک ہوں گے۔ یوم پاکستان کے تاریخی پس منظر کے حوالے سے ”کیپٹل ٹاک“ کا خصوصی شو شام 7 بجکر 3 منٹ پر دکھایا جائے گا۔ سرکارِ برطانیہ قائداعظم کو جلا وطن کیوں کرنا چاہتی تھی، کون کہتا ہے قرارداد پاکستان کے پیچھے برطانیہ سرکار تھی، پہلا یوم پاکستان 1941 میں منایا گیا یا 1956 میں، 23مارچ 1940 کو منظور ہونے والی قرار داد کا اصل خالق کون تھا، لارڈ ماؤ نٹ بیٹن نے کیوں کہا کہ جناح نہ ہوتے تو پاکستان نہ بنتا، 23 مارچ 1940 کو فلسطینیوں کے حق میں قرار داد کیوں منظور ہوئی؟۔ یہ وہ اہم موضوعات ہیں جس پر اس شو کے دوران گفتگو ہوگی۔ پروگرام کے میزبان سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر ہیں۔ پرائم ٹائم صحافی (ڈمی) سہیل وڑائچ بھی ”خبرناک “ میں رنگ بکھیریں گے وہ 2019 کی حیرت انگیز پیش گوئیاں بھی عوام کے سامنے لائیں گے ۔ اس کے علاوہ ناظرین شو میں کالی عینک کے فوائد بھی (ڈمی) سہیل وڑائچ کی زبانی سن سکیں گے۔ ”خبرناک“ علی میر اور عائشہ جہانزیب کے ساتھ رات 11 بجکر5 منٹ پر دکھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام دِن ”جیونیوز“ پر”یوم پاکستان “ کے حوالے سے خصوصی بلیٹنز نشر ہوں گے، ملی نغموں کے علاوہ ملک بھر میں ہونے والی سرکاری و غیر سرکاری اور اہم تقریبات کو بھی خصوصی طور پر نشر کیا جائے گا۔