پاکستان کو پھر شکست، آسٹریلیا کی برتری دو،صفر

March 24, 2019

آسٹریلیا نے پاکستان کو مسلسل دوسرے میچ میں شکست دے کر سیریز میں 2،0 کی برتری حاصل کرلی،کپتان ایرون فنچ ایک بار پھر مین آف دی میچ رہے۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم پر آسٹریلیا نے دوسرے میچ میں بھی میزبان پاکستان کو 8 وکٹ سے مات دے دی اور سیریز میں فتح کی روایت برقرار رکھی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور محمد رضوان کی سنچری اور کپتان شعیب ملک کی نصف سنچری کی بدولت 7 وکٹ پر 284رنز بنائے۔

آسٹریلیا نے 285رنز کا ہدف 47 اعشاریہ5 اوورز میں2 وکٹ پر حاصل کرلیا،ایرون فنچ نے سیریز میں اپنی دوسری سنچری بنائی اور اپنے سب سے بڑے انفرادی 153 رنز کی بدولت ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔

مہمان ٹیم کی طرف سے عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے اننگز اوپن کی اور پہلی وکٹ پر 209رنز کی شراکت قائم کی اور میچ کو مکمل طور پر آسٹریلیا کے حق میں موڑ دیا۔

209 رنز کی شراکت کے دوران ایرون فنچ نے اپنی سنچری97گیندوں پر مکمل کی جبکہ عثمان خواجہ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

عثمان خواجہ 8 چوکوں کی مدد سے 88 رنز کی اننگز کھیل کر 37ویں اوورز میں یاسر شاہ کو اپنی وکٹ تھما بیٹھے۔

آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 42ویں اوور میں 241 کے اسکور پر گری، گلین میکسویل 19رنز بناکر رن آوٹ ہوگئے۔

تیسری وکٹ پر کپتان ایرون فنچ اور شان مارش نے 44 رنز کی فتح کن شراکت قائم کی،ایرون فنچ 153 اور شان مارش 11 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے،آسٹریلوی کپتان نے اپنی اننگز کے دوران 6چھکے اور 11 چوکے لگائے۔

پاکستان کی طرف سے واحد وکٹ یاسر شاہ کے حصے میں آئی۔

اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 50اوورز میں 284رنز بنائے،محمد رضوان115، کپتان شعیب ملک 60 اورحارث سہیل 34رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔

آسٹریلیا کے کولٹر نائل اور رچرڈ سن نے 2،2 جبکہ زمپا، ایرون فنچ اور لائن نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان کی طرف سے بھی دونوں میچز میں حارث سہیل اور محمد رضوان نے ایک ایک سنچری بنائی جبکہ آسٹریلین کپتان ایرون فنچ نے دونوں ہی میچز سنچری اسکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔

شارجہ کے اسٹیڈیم پر کھیلے گئے دونوں میچز میں پاکستان کی بولنگ لائن وہ پرفارمنس دینے میں ناکام رہی جو اس کی روایت رہی، مجموعی طور پر دونوں ہی مقابلوں میں 4 آسٹریلوی کھلاڑی آوٹ ہوئے۔