مسجد حملہ، نیوزی لینڈ کے ہزاروں شہری اظہار یکجہتی کیلئے پھر جمع، آئندہ جمعہ کو بین المذاہب دعائیہ تقریب ہو گی

March 25, 2019

کراچی(نیوزڈیسک)نیوزی لینڈ کے ہزاروں شہری سانحہ کرائسٹ چرچ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے ہگلے پارک میں جمع ہوئے، سعودی شہزادے ولید بن طلال نے نیوزی لینڈ سانحہ میں شہداء کے اہل خانہ کے لئے10لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید 50 مسلمانوں کے غم میں اظہار یکجہتی کیلئے ہزاروں لوگوں نے جمع ہوکر شب بیداری کی،حکام کے مطابق النور اور لنووڈ مساجد میں شہید ہونے والے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 40 ہزار کے قریب نیوزی لینڈ کے شہری کرائسٹ چرچ کے ہگلے پارک میں جمع ہوئے۔ہفتے کی یہ تقریب حالیہ خطاب،خاموشی لمحات جیسی یادگاروں میں سے ایک تھی۔تقریب میں ایک مقرر نے کہا کہ ’’یہ لوگ یہاں مہاجرین اور پناہ گزینوں کی طرح آئے ہیں‘‘۔ دوسر ی طرف وزیر اعظم آفس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ 29 مارچ کو بین المذاہب دعائیہ تقریب ہوگی، یہ تقریب کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کے واقعے کے دو ہفتے بعد ہونے جارہی ہے۔وزیر اعظم جیسنڈا آرڈ ر ن نے ایک بیان میں کہا کہ قومی یادگاری خدمات کرائسٹ چرچ ، نیوزی لینڈ کے رہنے والوں اور ملک بھر کے لوگوں کو دہشتگرد حملے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک موقع ہے۔علاوہ ازیں سعودی شہزادے ولید بن طلال نے نیوزی لینڈ سانحہ میں شہداء کے اہل خانہ کے لئے 10لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔