نیوزی لینڈ واقعہ پر مغرب نے دہرا معیار اختیار کیا‘ایم ڈبلیو ایم

March 26, 2019

کوئٹہ (این این آئی) مجلس وحدت مسلمین کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلی دفعہ پورے نیوزی لینڈ میں اذانیں گونج رہی ہیں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسلمانوں کے خون کی ہولی کھیلی گئی ان دو مساجد میں نہتے نمازیوں پر ایک سفید فام دہشت گرد نے نماز جمعہ میں گولیوں کی بو چھاڑ کی،اس کی مذمت مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے لوگوں نے بھی کی۔خود نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم اور پوری قوم نے پورے ہفتے مسلمانوں سے جو اس سانحہ میں شہید اور زخمی ہوئے تھے، اظہار ہمدردی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ نیوزی لینڈ کی دیگر مذاہب کی جماعتوں اور عوام نے کھل کر مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا اور عملی طور پر ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کوپیغام دیا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ دہشت گرد صرف دہشت گرد ہوتا ہے‘ مسلمانوں پر دہشت گرد کا خود ساختہ لیبل بھی اتار پھینکا اور ثابت کیا کہ اسلام فوبیا ایک سوچا سمجھا مغربی ممالک کا پروپیگنڈہ ہے، جو 9/11 کی گھنائونی سازش کے تحت مسلمانوں کے خلاف استعمال کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ واقعہ پر مغرب نے دہرا معیار اختیار کیا جبکہ اس کے برعکس نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم اور وہاں کی عوام نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور اظہار ہمدردی کے لئے جو کچھ کیاـوہ قابل ستائش ہے۔