8گھنٹے بجلی کی فراہمی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،پشتونخوامیپ

March 26, 2019

کوئٹہ( پ ر) پشتونخوامیپ ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں پشتون باغ ، بادیزئی ٹائون ، افغانیہ خروٹ آباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کیسکو حکام نے مذکورہ بالا علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہمارے عوام پر مسلط کی ہے ،لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ کوئٹہ شہر کا حصہ ہونے کے باوجود 24گھنٹے میں صرف 8گھنٹے بجلی کی فراہم کی جارہی ہے اور اس میں بھی وولٹیج کا مسئلہ برقرار ہے۔ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے باعث ٹیوب ویل بھی نہیں چل پارہے جس کی وجہ سے مذکورہ بالا علاقوں میں پانی کی قلت بھی پیدا ہوچکی ہے ۔ اس سلسلے میں پارٹی رہنمائوں نے بارہا واپڈا کے متعلقہ اور حکام کو شکایت کرکے مسئلے سے آگاہ کیا لیکن مسئلہ ابھی تک جوں کا توں ہے اور اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہواجس کے متعلقہ علاقوں کے عوام میں غم وغصہ پایا جاتا ہے ۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور درست وولٹیج کے ساتھ شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔