جیل کا خوف بلاول کو لانگ مارچ کی یاد دلارہا ہے‘پی ٹی آئی

March 26, 2019

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی ترجمان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں اور ان کے اتحادیوں پر نیب سمیت ملکی ادارے ان کی کرپشن کی وجہ سے ہاتھ ڈال رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی چیخیں آسمان تک پہنچ گئیں ،بلاول زرداری کی گھبراہٹ کی بنیادی وجہ جیل کا خوف ہے جس کی وجہ سے انہیں کبھی لانگ مارچ اور کبھی ٹرین مارچ یاد آجاتاہے پوری دنیا جانتی ہے کہ پیپلز پارٹی کی کرپشن زدہ حکومت کے بعد اب پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی تعداد سیکڑوں میں بھی نہیں جس کا عملی مظاہرہ پوری دنیا نے گزشتہ ہفتہ دیکھا ، بریانی اور پیسوں کے لالچ کے باوجود پیپلز پارٹی دو سو کارکن نکالنے میں بھی ناکام رہی۔انہوں نے کہا کہ بلاول اپنے آقاؤں کو پیغام دینا چاہتے تھے اور راہ فرار کے لئے ان کی ہمدردی چاہتے تھے لیکن پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور ملک لوٹنے والے ہر شخص کو جانتے ہیں،انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت نے اسلام کی کوئی خدمت نہیں کی پاکستانی قوم اب کسی کے بہکاوئے میں نہیں آئے گی قوم پرست و مذہب پرست جماعتوں کی کارکردگی اور ماضی کی کرپشن سے پوری دنیا واقف ہے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ایک عظیم اور مثالی اسلامی اور فلاحی ریاست بنائیں گے۔