نیب کی شاہد خاقان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

March 26, 2019

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی سفارش کر دی۔

ذرائع کے مطابق نیب نے شاہدخاقان عباسی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کےلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کو خط ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی منظوری سے لکھا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خط میں لکھا گیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نیب کے زیر تفتیش ایل این جی کیس میں نامزد ہیں،اس لئے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم آج نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے،ان سے حکام نے کیس سے متعلق پوچھ گچھ کی۔

پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ لمبا پرچہ ہے، تمام سوالات کے جوابات دینا ممکن نہیں تھا،ریکارڈ حاصل کرنے کیلئے سیکریٹری پیٹرولیم کو خط لکھنے کے بارے میں آگاہ کردیا ہے۔