ایف آئی اے امیگریشن ونگ کیخلاف 64 شکایات

March 30, 2019

وفاقی تحقیقاتی ادارے کے امیگریشن ونگ سے نالاں شہریوں نے دو برسوں میں ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر 64 شکایات درج کرائیں لیکن کسی افسر یا اہلکار کے خلاف نہ تو کوئی کارروائی کی گئی نہ ہی چھوٹے ایئرپورٹس پر مسافروں کو شکایت کی سہولت حاصل ہے۔

پاکستان بھر کے انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر ایف آئی اے امیگریشن کے مسافروں سے نامناسب رویے اور مال پانی بنانے کے حوالے سے ملک کے چار بڑے ایئرپورٹس پر 2 سالوں میں 64 شہریوں نے تحریری شکایات درج کروائی ہیں۔

شکایات کا ریکارڈ موجود ہونے کے باوجود کسی افسر یا اہلکار کے خلاف ان شکایات پر کوئی بڑی کاروائی نہیں کی گئی ہے۔

زرائع نے بتایا ہے کہ تحریری شکایات کی تعداد اصل شکایات کے مقابلے میں 10 فیصد بھی نہیں ہے لیکن مسافروں کی بڑی تعداد تحریری شکایات درج نہیں کرتی۔

امیگریشن عملے کی جانب سے ایئرپورٹس پر مسافروں کو تنگ کرنا معمول کی بات بن چکی ہے۔

دستاویز کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 26مسافروں نے شکایات درج کروائیں، علامہ اقبال ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کے امیگریشن حکام کے خلاف 27شکایات درج کی گئیں۔

کراچی ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے 5مسافروں نے امیگریشن حکام کی شکایات کیں جبکہ پشاور ایئرپورٹ پر 6مسافروں نے ایف آئی اے کے خلاف شکایات جمع کروائیں۔

تمام شکایات صرف ملک کے چاربڑے شہروں کے ایئرپورٹس سے موصول ہوئیں کیونکہ چھوٹے ایئرپورٹس پر شکایات کے اندراج کا کوئی نظام ہی موجود نہیں ہے۔