ہیمامالنی۔۔’ڈریم گرل یا ڈرامہ گرل‘

April 01, 2019

بھارتی لوک سبھا انتخابات میں ووٹرز کا جھکاؤ اپنی طرف کرنے کے لئے سیاست دان نت نئے حربے استعمال کررہے ہیں، ایسی ہی ایک کوشش بالی ووڈ کی ’ڈریم گرل‘ و سیاست دان ہیمامالنی نے بھی کی، جس پر اُنہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

ہیمامالنی نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز متھرا میں گندم کے کھیت سے کیا جہاں انہوں نے مختلف انداز سے تصاویر بنوائیں اور شوشل میڈیا پر شیئر کردیں، تصویروں کے ساتھ عبارت تحریر تھی ’’آج گووردانا شیتر سے لوک سبھا مہم کا آغاز کردیا، جہاں مجھے کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین بھی بات چیت کا موقع ملا‘‘۔

سنہری رنگ کی ساڑھی میں ملبوس 70سالہ ہیمامالنی کو خواتین کے ساتھ کھیتوں میں فصل کاٹتے اور گانٹھے اٹھائے دیکھا جاسکتا ہے۔

بھارتی اداکارہ کی ان تصاویر پر جہاں ہزاروں لائیک آئے ، وہیں اسے انتخابات سے پہلے ’’ڈرامہ‘‘ قرار دیا گیا ہے۔

کسی نے ’’بلاشبہ سب سے بہترین اپریل فول‘‘ تو کسی نے ’’ڈریم گرل یا ڈرامہ گرل‘‘جیسے ریمارکس دیئے ہیں۔

متھرا کے حلقے سے 2014ء میںبھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر کامیابی کے بعد ہیمامالنی اسی حلقے سے دوبارہ انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔