ہزار گنجی خودکش حملہ آور کے اعضاء ڈی این اے کیلئے لاہور بھجوا دئیے گئے

April 15, 2019

کوئٹہ (نمائندہ جنگ) سانحہ ہزار گنجی خودکش حملہ آور کے اعضاء ڈی این اے کے لئے لاہور فرانزک لیب بھجوا دئیے گئےجبکہ ٹیموں نے کرائم سین کی جیو فینسنگ بھی کی،سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق 12اپریل کو ہزار گنجی سبزی و فروٹ مارکیٹ میں ہونے والے خود کش حملے کی تحقیقات تیسرے روز بھی جاری رہی، گزشتہ روز تین ٹیموں نے کرائم سین کا جائزہ لیا اور مزید شواہد اکٹھے کئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ خود کش حملہ آور کے ملنے والے اعضاء ڈی این اے کیلئے لاہور فرانزک لیب بھجوا دئیے ہیں جبکہ نادرا کی مدد سے بھی تحقیقات کی جاری ہیں ۔ واضح رہے کہ واقعے میں 20 افراد شہید اور 50 کے قریب زخمی ہو ئے تھے ۔