حکومت نے نئی ایمنسٹی اسکیم کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دے دی

April 16, 2019

اسلام آباد(مہتاب حیدر)حکومت نے پیر کے روزنئی ایمنسٹی اسکیم کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت افراد اور کمپنیوں کی ایسوسی ایشنزکوپچھلی اسکیم کے مقابلے میں زیادہ شرح پر اپنا کالا دھن/اثاثے سفید کرنے کی پیش کش کی جائے گی ۔اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے دی نیوز کو اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہم وفاقی کابینہ کو یہ تجویز دے رہے ہیں کہ تقریباًچھ ماہ کے لیے یہ آخری موقع دینا چاہئے ، جس کے تحت اسکیم کی حتمی تاریخ 30ستمبر ،2019تک ہوسکتی ہے۔عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کابینہ نے کرنا ہے۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ جو کوئی بھی غیر ملکی کرنسی واپس پاکستان میں نہیں لائے گا اسے زیادہ شرح پر ادائیگی کرنا ہوگی۔ہم ان افراد پر جرمانہ عائد کریں گے جو غیر ملکی کرنسی باہر رکھنے کو ترجیح دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کابینہ سے منظوری کے بعد صدارتی آرڈ یننس جاری کردیا جائے گا۔عہدیدار کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں ایمنسٹی اسکیم کا معاملہ آج(منگل )اٹھایا جائے گا۔