رحیم یار خان: وین اور ٹریکٹر ٹرالی میں ٹکر، 10 افراد زخمی

April 18, 2019

پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں فیروزہ روڈ پر تیز رفتار وین اور ٹریکٹر ٹرالی میں ٹکر سے خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے، حادثے کا شکار خاندان شادی کی تقریب سے گھر لوٹ رہا تھا۔

ریسکیو ذرائع کےمطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب رات کے اندھیرے میں فیروزہ روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور احتیاطی تدابیر کی بغیر ٹریکٹر ٹرالی کا ٹائر تبدیل کر رہا تھا۔

اس دوران تیز رفتار وین ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، وین میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے کئی افراد سوار تھے۔

حادثے کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں تحصیل اسپتال خانپور اور شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

متاثرہ خاندان شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد لیاقت پور گھر جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا۔

ٹریکٹر ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہو گیا ہے۔