لندن کے انڈر گرائونڈ سٹیشن کے نزدیک لڑائی، ایک شخص کار کی ٹکر سے ہلاک

April 20, 2019

لندن(پی اے) لندن کے ایک انڈر گرائونڈ سٹیشن کے نزدیک لڑائی کے دوران کار کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس پرقتل کی تحقیقات کی جائے گی۔ نارتھ ویسٹ لندن کے علاقے ومبلے میں واقع ایلنگ روڈ پر الپرٹن ٹیوب کے نزدیک لوگوں کے ایک گروپ میں تشدد پھوٹ پڑا جس کے دوران ایک کار نے دو افراد کو ٹکر ماری۔ 27سالہ ایک شخص بعد ازاں ہسپتال میں چل بسا اس کے لواحقین کو مطلع کردیا گیا ہے، چھ افراد کو قتل کے شبے میں زیر حراست رکھا جارہا ہے، میٹ پولیس کے مطابق کار نے جس دوسرے شخص کو ٹکر ماری تھی اسے ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ 9افراد کو لڑائی کے شبے میں گرفتار کیا گیا جو زیر حراست ہیں۔ قتل کے شبے میں مزید چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اقدام قتل کے شبے میں بھی ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔