سندھ حکومت کی جانب سے ملازمتوں میں زیادتیوں پر ایم کیو ایم کی تشویش

April 20, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد پررابطہ کمیٹی کا اجلاس سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیااور سندھ کی متعصب حکومت کی جانب سے ملازمتوں کی فراہمی میں کی جانے والی زیادتیوں پر گہری تشویش کا اظہارکیا۔اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے سندھ کے شہروں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو نوکریوں سے محروم رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اس کے ساتھ ساتھ بعض اداروں سے نوجوانوں کو بلا جواز ملازمتوں سے برطرف کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے ،اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ ایم کیو ایم پاکستان سندھ حکومت کے غیر آ عینی قدامات کے خلاف ہر فورم پر احتجاج کریگی اور سندھ کے شہری عوام کے ساتھ ہونیو الے کسی بھی غیرآئینی وغیرقانونی اقدام پرہرگزخاموش نہیں بیٹھے گی ۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی نے امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور جرائم کی شرح میں تیزی سے ہونے والے اضافے کو بھی سندھ حکومت کی نااہلی اورناکامی قرار دیتے ہوئے گزشتہ چند روز میں پیش آنیوالے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران افسوسناک واقعات جس میں معصوم بچوں ،طلبہ سمیت بیگناہ افراد کی پولیس کی فائرنگ سے ہلاکت کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی اورسوگواران سے دلی ہمدردی کااظہار کیاگیا۔