بلوچستان میں بدامنی سازش ہے، حکومت دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے آہنی ہاتھ استعمال کرے، کونسلر نعیم الحسن

April 22, 2019

مانچسٹر (اے اے جی) بلوچستان میں دہشت گردی کی لہر بدترین سازش ہے، دہشت گردوں نے بے گناہ مسافروں کو ہاتھ باندھ کر قتل کیا، دشمن پاکستان کو دہشت گردی سے نقصان پہنچانا چاہتا ہے، بلوچستان میں دہشت گردوں نے غیر ملکی آقائوں کو خوش کرنے کے لیے بے گناہ لوگوں کا خون بہانے کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے ان واقعات پر حکومت سخت ترین کارروائیاں کرے اور دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے آہنی ہاتھ استعمال کرے۔ سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر نعیم الحسن نے مدینتہ المنورہ سے ’’جنگ‘‘ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔انہوںنے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کی حالیہ واردات جس میں بسوں سے مسافروں کو اتارکر ان پر وحشیانہ ظلم کرکے انہیں قتل کیا گیا۔ یہ پاکستان کی سالمیت خودمختاری پر حملہ ہے، ایسے مجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔ لارڈ میئر نعیم الحسن نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کے بے گناہ لوگوں کے قتل اور پاکستان کےعالم دین سپریم کورٹ کے جج جسٹس مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملہ پاکستان کے خلاف سازش ہے جس کی جتنی ہوسکے کی جائے معروف کشمیری رہنما جموں کشمیر تحریک خودارادیت فورم یورپ کے سینئر وائس چیئرمین امجد حسین مغل نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کی لہر ہمارے بدترین دشمن کی سازش ہے اور ’’را‘‘ کا اس میں ہاتھ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم نریندرمودی انسانیت کے نام پر بدنما داغ ہیں۔ بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ ے جارہے ہیں عالمی قوتوںکا اس کا نوٹس لینا چاہئے۔بھارت اس قتل و غارت گردی پر پردہ ڈالنے کے لیے کلبھوشن جیسے خطرناک لوگوں کے ذریعے ملک دشمنوں کو خریدکر بلوچستان میں دہشت گردی کررہا ہے، حکومت کو سخت اقدامات کرنے چاہئیں۔ روحانی و سماجی رہنما راجہ حکیم بشیر احمد نے کہا ہے کہ بھارت آگ سے کھیل رہا ہے اور پاکستان میںدہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہی ملک کی سالمیت کا تحفظ کرسکتی ہے۔سماجی رہنما سیدنا حمزہ ویلفیئر سوسائٹی کے سیکریٹری جنرل محمد شہزاد مرزا نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی کارروائیاں خاص طور پر بلوچستان کو نشانہ بنانا غیر ملکی بدترین سازش ہے۔ پوری قوم کو متحد ہوکر اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ حکومت پاکستان کو دہشت گردی کی روک تھام کے لیے بھارت اور اس کے ہمنوا پاکستان دشمن قوتوں پر کڑی نظر رکھنی چاہیے۔ انہوں نے ہزارہ کمیونٹی اور اورماڑہ میں بس سے اتارکر شہید کیے جانے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ خلیفہ چورہ شریف یاسر فضلی بٹ نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت کو دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے ضرب عضب جیسے سخت آپریشن کرنے کی ضرورت ہے۔ عبدالباسط نے کہا کہ بلوچستان میںدہشت گردی خوبدترین فعل ہے ایسے ملک دشمنوں کی بیخ کنی کرنا ضروری ہے ان سے جنگی بنیادوں پر نمٹنا چاہیے اور امن وامان کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔