عمران خان تہران پہنچ گئے ‘پرتپاک استقبال‘سلامی دی گئی

April 22, 2019

اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان ایرانی صدر حسن روحانی کی دعوت پر ایران کے دو روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو تہران پہنچ گئے‘عمران خان آج ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای سے ملاقات کریں گے اور صدر حسن روحانی سے تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور اعلی سطحی وفد کا تہران کے مہرآباد ایئر پورٹ پہنچنے پر ایرانی وزیر صحت ڈاکٹر سعید نماکی نے پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعظم کو چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔عمران خان سے تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر صحت ڈاکٹر سعید نماکی نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قبل ازیں وزیر اعظم نے دورہ ایران کے آغازپر مشہدمیںمختصر قیام کیا اور روضہ حضرت امام رضاؑ پر حاضری دی اور ملک اور قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔مشہد ہوائی اڈے پر صوبہ خراسان کے گورنر جنرل علی رضا حسینی اور دیگر سینئر حکام نےعمران خان کااستقبال کیا۔روضہ کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ جن اصولوں پر پاک پیغمبر ﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد رکھی وہ اصول ہماری حکومت کے لئے مشعل راہ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانیوں نے کبھی فراموش نہیں کیا کہ ایران ہر مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔