کراچی : ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے 4 سالہ بچی جاں بحق

April 22, 2019

کراچی میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت نے ماں باپ سے ان کی 4سالہ بچی کو ہمیشہ کے لیےجدا کردیا۔

کورنگی بلال کالونی میں مبینہ طورپر غلط انجکشن لگانے سے رضیہ زندگی کی بازی ہار گئی۔ واقعے میں ملوث ڈاکٹرکو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

4 سالہ رضیہ کو تیز بخار پر مقامی کلینک لایا گیا تھا۔ ورثا کے مطابق ڈاکٹر نے بچی کو غلط انجکشن لگایا جس سے وہ انتقال کرگئی۔

پولیس کے مطابق انجکشن لگنے کے بعد بچی کی حالت مزید خراب ہوتی چلی گئی اور وہ چل بسی۔ بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ورثا پوسٹ مارٹم کرائے بغیر لاش واپس لے گئے۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ڈاکٹر عمران کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔