سری لنکا میں بم دھماکوں پر پاکستانی کرکٹرز کا اظہارِ افسوس

April 22, 2019

سری لنکامیں خوفناک دہشتگردی کے واقعات نے پاکستانی کرکٹرز کو بھی غمگین کردیا۔ کئی موجودہ اور سابق کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر غمزدہ خاندانوں سے یکجہتی اور افسوس کا اظہار کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہماری دعائیں سری لنکا کے لوگوں کے ساتھ ہیں اور ہم مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سری لنکا کے عوام سے تعزیت کی۔ شاہد آفریدی نے لکھا کہ بم دھماکوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید دکھ ہوا۔ سری لنکا میں اپنے بھائی اور بہنوں کے لیے دعاگو ہوں۔

انہوںنے مزید کہا کہ ہم سب مل کر تمام دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔

سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے سری لنکا میں ہونے والے بم دھماکوں پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ہم سری لنکا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔