اچھے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی مقصد ہے، عطا کاکڑ

April 23, 2019

بلوچستان میں کھیلوں کی سرگرمیاں بڑھانے کیلئے صوبائی حکومت اور کھیلوں کے تعلق رکھنے والے افراد کی توجہ اور معاونت ضروری ہے۔ بلوچستان میں بابائے اسپورٹس کی حیثیت رکھنے والے عطا محمد کاکڑ آج بھی اس خطے سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لانے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ بلوچستان کے سب سے بڑے شہر کوئٹہ سے عالمی باکسنگ چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ نام کمانے والے محمد وسیم بھی عطا محمد کاکڑ کے باکسنگ کلب کی پہچان ہیں۔ عطا محمد کاکڑ نے تمغہ امتیاز، پرائیڈ آف پرفارمنس، لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ کے ساتھ ساتھ کئی اور بھی اعزازات حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کھیلوں اور کھلاڑیوں کیلئے وقف کر رکھی ہیں۔ انہوں نے باکسنگ، بزکشی، جمناسٹک کے کھیلوں کی بلوچستان میں بنیاد رکھی، بلوچستان میں گزشتہ 17سال سے منی اولمپک گیمز کاکامیاب انعقادکررہے ہیں۔ عطا کاکڑ کا کہنا تھا کہ میری زندگی کا مقصد اپنے صوبے اور شہر سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لاکر قومی کھیلوں کا حصہ بنانا ہے۔ بلوچستان اگرچہ ملک کا سب سے زیادہ پسماندہ صوبہ ہے لیکن اس کے باوجود محمد وسیم، رشید بلوچ، شعیب علی، منان اور ارشد جیسے باکسرز نے تو عالمی سطح پر ملکی تاریخ رقم کی۔ صوبے میں کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ ایونٹ کا انعقاد کرنا میرا ہدف رہتا ہے، جب تک زندگی ہے کھیلوں کا انعقادور باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لاتا ر ہوں گا۔