کونسل ٹیکس میں اضافے سے مانچسٹر پولیس کومطلوبہ فنڈز نہیں مل سکتے

April 24, 2019

لندن (نیوزڈیسک) گریٹر مانچسٹر پولیس کے افسر ہوپکنز نے کہاہے کہ فروری میں کونسل ٹیکس میں کئے گئے اضافے سے گریٹر مانچسٹر پولیس کو اضافی 320 افسر مل جائیں گے، جس سے گریٹر مانچسٹر پولیس کی نفری کی تعداد6 ہزار570 ہوجائے گی جبکہ2010 میں اس کی نفری 8ہزار 219پر مشتمل تھی، انھوں نے کہا کہ کونسل ٹیکس میں اضافے سے گریٹر مانچسٹر پولیس کو ملنے والی نفری کے باوجود اس سے گریٹر مانچسٹرپولیس کو وہ وسائل نہیں مل سکتے جن کی اسے ضرورت ہے۔ گریٹر مانچسٹر کے ڈپٹی میئر بیو ہگزنے جو شہری علاقے میں پولیس کے ذمہ دار ہیں کہا کہ بنیادی حقیقت یہی ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سےکٹوتی کی وجہ سے پولیس ہر جرم کی تفتیش نہیں کرسکتی اور یہ مشکل فیصلے نہیں کرسکتی کہ اسے اپنے وسائل اور توجہ کس پر مرکوز کرنا بہتر ہوگا۔ مانچسٹر سینٹرل کی رکن پارلیمنٹ لوسی پاول نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ پولیس کی فنڈنگ میں حکومت کی جانب سے کی گئی کٹوتی فرنٹ لائن میں حقیقی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ جس کی وجہ سے افسران کیلئے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کرنے اورمختلف جرائم پر توجہ دینے میں مشکلات کاسامنا ہے ،انھوں نے کہا کہ اس صورت حال پر وزرا کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں اور انھوں جرائم اوربدامنی پر کنٹرول کیلئے پولیس کے وسائل میں اضافہ کرنا چاہئے۔ ہوم آفس کی ترجمان خاتون نے کہا ہے کہ رواں مالی سال پولیس کی فنڈنگ میں 2010 کے بعد سے بڑا اضافہ کیاجائے گا،انھوں نے کہا کہ ہم جرائم پر اس کے اثرات کو سمجھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے ،ہم پولیس فورسز کا اپنے اہم کام کی انجام دہی کیلئے ضروری وسائل فراہم کرنے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔