پارلیمنٹ میں خواتین کی موثراوربامقصد نمائندگی ہونی چاہئے،مقررین

April 24, 2019

اسلام آباد(طاہر خلیل) خواتین پارلیمنٹرینز کی صلاحیتیں بڑھانے کیلئے منگل کو اسلام آباد میں پلڈاٹ کے زیراہتمام خصوصی تربیتی کورس کاانعقاد ہواجس میں قومی اسمبلی اور سینٹ ارکین سمیت چونتیس خواتین پارلیمنٹرنز شریک ہوئیں ،ڈاکٹر نفیسہ شاہ نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پارلیمنٹرینز کو پارلیمانی بزنس پر مکمل دسترس ہونی چاہئے، پارلیمنٹ میں خواتین کو زیادہ نمائندگی دی جائے، شائستہ پرویزملک نےکہا کہ خواتین پارلیمنٹرینز کو پارلیمانی بزنس کیلئے مردوں پر انحصار ختم کرنا ہوگا، منزہ حسن نے کہا کہ خواتین کو اپنے حلقوں میں موثر کام کرنا چاہئے اور الیکشن لڑنے کیلئے انہیں اپنے مالی وسائل پر انحصارکرنا ہوگا، اگر خواتین بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں تووہ اپنا انتخابی حلقہ بنانے میں کامیاب ہوسکتی ہیں، پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارلیمنٹ میں خواتین کی موثر اور با مقصد نمائندگی ہونی چاہئے، اس امر کے باوجود کہ پارلیمنٹ میں خواتین کی نمائندگی بڑھ گئی ہے لیکن ان میں اکثریت کے پاس کوئی تجربہ ہے اور نہ سیاسی نظریہ ،اس موقع پرسوال وجواب کا سیشن بھی ہوا،اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر سیمی بخاری ، شہناز سلیم ملک ، غزالہ سیفی ، عاصمہ قدیر ، نصرت واحد ، نزہت پٹھان ، شائستہ پرویز ملک ، منزہ حسن ، ڈاکٹر نفیسہ شاہ ، عالیہ کامران ، صائمہ ندیم ، ثوبیہ کمال ، ظل ہما ،رومینہ عالم خان ، فوزیہ بہرام ، شہناز بلوچ ، شگفتہ جمانی ، شمس النسا ، نصیبہ چنا ، شمیم آرا ، نصرت واحد ، مسرت رفیق ، عظمیٰ ریاض ، زہرہ ودود فاطمی ، صائمہ مطلوب ، نوشین حامد ،نوشین فاروق ، شاہدہ رحمانی ، ڈاکٹر شازیہ صوبیہ ،اراکین سینٹ سیمی یزدی، ڈاکٹر مہرتاج روغانی، عابدہ عظیم اور سسی پلیجو نے تقریب میں شرکت کی۔