ملزم آفتاب محمود پر بوگس ٹی ٹی لگانے کا الزام، ڈاکٹر ڈنشا انکل سریا کی گرفتاری اہم پیش رفت قرار

April 24, 2019

کراچی، لاہور (ٹی وی رپورٹ، این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے آصف علی زرداری اور شریف فیملی کے مبینہ فرنٹ مین گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ نیب نے آصف علی زرداری کے مبینہ فرنٹ مین ڈاکٹر ڈنشا انکل سریا کو کلفٹن میں انکی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا، انکی گرفتاری کو جعلی اکائونٹس کیس میں اہم پیش رفت قراردیا جارہا ہے۔ نیب لاہور نے شریف فیملی کے مبینہ فرنٹ مین آفتاب کوملزم شاہد شفیق سے تحقیقات میں انکشافات پر گرفتار کیا گیا، ملزم پر بوگس ٹی ٹی لگانے کا الزام ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف فیملی کیلئے مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں پانچویں ملزم آفتاب محمود کو گرفتار کرلیا۔نیب لاہور کے مطابق ملزم آفتاب کو زیر حراست ملزم شاہد شفیق سے تحقیقات میں انکشافات پر گرفتار کیا گیا۔ ملزمان باہمی رضامندی سے کروڑوں روپے غیرقانونی طور پر شریف فیملی اکاؤنٹس میں منتقل کرتے رہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ ملزم آفتاب محمود فارن کرنسی ایکسچینج بیک وقت لندن اور برمنگھم سے آپریٹ کرتا رہا اور غیرقانونی طور پرشریف فیملی و دیگر کے اکاؤنٹس میں بوگس ٹی ٹی لگاتا رہا۔ نیب لاہور نے بتایا کہ تحقیقات آگے بڑھانےکیلئے ملزم آفتاب محمود کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں نیب حکام ملزم کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کے حصول کی استدعاکرینگے۔ نیب کے مطابق پہلے سےگرفتار ملزمان میں فضل داد، قاسم قیوم، محمد مشتاق اور ملزم شاہد رفیق شامل ہیں جن سے دوران تحقیقات شریف فیملی کیخلاف کم وبیش 3 ارب کی مبینہ منی لانڈرنگ کے شواہد حاصل کیے جاچکے ہیں۔