پولیو مہم مخالف ڈرامہ کرنیوالوں کیخلاف ایکشن ضروری،تجزیہ کار

April 24, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم پر جائز تنقید کی لیکن الفا ظ کا چناؤ غلط تھا، بلاول دونوں آنکھیں بند کر کے دیکھیں تو انہیں این آر او نظر آجائے گا، بلاول حفیظ شیخ کو اپنا وزیرخزانہ قرار دیتے ہوئے بھول گئے کہ ان سے پہلے وہ پرویز مشرف کے وزیر نجکاری تھے،عمران خان اب وزیراعظم پاکستان ہیں انہیں بولتے وقت احتیاط کرنے کی ضرورت ہے،پشاور میں پولیو کے قطرے پینے پر بچوں کی بیماری کا ڈرامہ کروانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لینا چاہئے،پولیو کیخلاف مہم سراسر لغو بات ہے۔

حسن نثار، مظہر عباس،سلیم صافی، ارشاد بھٹی، بینظیر شاہ اور بابر ستار نے ان خیالات کا اظہار جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پہلے سوال کابینہ میں ردوبدل اور اسد عمر کی وزارت کے معاملہ پر بلاول کی وزیراعظم پر تنقید درست ہے؟حسن نثار نے کہا کہ بلاول بونگیاں مار رہا ہے اسے ڈھنگ کی بات سمجھ نہیں آرہی، جس طرح کھسیانی بلیاں کھمبا نوچتی ہیں اسی طرح عجیب و قسم کی باتیں کررہے ہیں، پی ٹی آئی کابینہ میں پیپلز پارٹی کے سابق کارکنوں کی شمولیت کا طعنہ دینے والوں کا اپنا نانا ذوالفقار علی بھٹو ایوب خان کی کنونشن مسلم لیگ کا کرتا دھرتا رہا ہے۔سلیم صافی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی وزیراعظم پر تنقید بالکل درست ہے۔بینظیر شاہ نے کہا کہ بلاول کی وزیراعظم پر تنقید جائز ہے اگر تمام وزارتیں ٹیکنوکریٹس کو دینی ہیں تو پھر آپ جمہوری نہیں ٹیکنوکریٹ حکومت ہیں۔