پاکستان انڈر19کرکٹ ٹیم کی سری لنکا روانگی موخر

April 25, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سری لنکا میں کشیدہ صورتحال کی وجہ سے پاکستانی انڈر19 کرکٹ ٹیم کا دورہ شدید ترین مشکلات سے دوچار ہے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پی سی بی نے 30 اپریل کو ٹیم کی کولمبو روانگی موخر کردی ہے۔ پی سی بی نے کوچنگ اسٹاف کو مزید ایک ہفتے ٹریننگ شیڈول بنانے کی ہدایت کی ہے جس سے اس بات کو تقویت مل رہی ہے کہ دورے کے امکانات کم ہیں۔ اس حوالے سے بورڈ نے باضابطہ کوئی اعلان نہیں کیاہے۔ پی سی بی نے رہنمائی کے لئے حکومت سے رجوع کیا ہے جبکہ اس بات کا فیصلہ کرکٹ سری لنکا کو کرنا ہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم شیڈول کے مطابق جائے گی یا نہیں۔ سری لنکن بورڈ اپنی حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے بریفنگ لینے کے بعد پی سی بی کو حتمی جواب دے گا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ معاملات کو بدستور مانیٹر کیا جارہا ہے ۔