مسلم کمیونٹی کو مقامی آباد ی کے ساتھ گھل مل جانا چاہئے، نعیم الحسن

April 25, 2019

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) مانچسٹر کے سابق لارڈ میئر نعیم الحسن جے پی نے کہا ہے کہ برطانیہ میں آباد تمام مسلمانوں خصوصاً پاکستانی کمیونٹی کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا اور مقامی آبادی کے ساتھ گھل مل کر رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے بدترین سانحہ میں جاںبحق ہونے والوں خصوصاً برطانوی شہریوں کی ناگہانی موت پر گہرا دکھ ہے یہ سنگین واقعہ انسانیت کے ساتھ بعض ایسے درندوں کا فعل قبیح ہے۔ ایسے دہشت گردوں کا نہ کوئی مذہب ہوتا ہے اور نہ ہی کوئی وطن وہ دنیا کے پُرامن لوگوں کا قتل عام کرکے قیاس پیدا کرتے ہیں انہوںنے ان خیالات کا اظہار پاکستان کے دورے کے بعد عمرہ و زیارت روضہ رسولﷺ کے بعد برطانیہ پہنچنے پر جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق لارڈ میئر نعیم الحسن نے کہا کہ لیبر پارٹی نےہمیشہ مساوات کا علم بلند رکھا ہے اور نسلی اقلیتوں کو برابری کی نمائندگی دی ہے اس لئے2مئی کو برطانیہ بھر میں لیبر پارٹی کے کونسلروں کو ووٹ دے کر کامیاب کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹوری پارٹی نے برطانیہ کی ترقی کی راہ میں بریگزٹ کی رکارٹ کھڑی کر رکھی ہے اور یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے انتخاب میں بھی لیبر پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا جائے تاکہ برطانیہ کے حقوق کا یورپ میں تحفظ کیا جاسکے۔