واڑی کے مختلف علاقوں میں ہیضہ کی وباء پھوٹ پڑی

April 25, 2019

واڑی (نمائندہ جنگ) واڑی کے مختلف علاقوں میں قے اور دست کی بیماری نے وباء کی شکل اختیار کرلی۔ 5سال سے کم عمر بچوں سے ہسپتال بھر گئے۔ اچانک مرض پھیلنے سے والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ الٹیاں شروع ہوتے ہی بچوں کی حالت غیر ہوجاتی ہے۔ تحصیل واڑی کے علاقہ نہاگ درہ‘ صندل‘ کارو درہ‘ سلطان خیل اور روغانو درہ میں ہیضہ کی وباء پھوٹ پڑی ہے جس سے زیادہ تر کم عمر کے بچے متاثر ہوئے ہیں۔ گزشتہ تین چار دن سے سیکڑوں کی تعداد میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال واڑی سمیت علاقائی بی ایچ یو ہسپتالوں میں مریض لائے گئے۔ جس میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ متاثرہ مریضوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ بچوں کو اچانک الٹیاں شروع ہوجاتی ہیں جس کے بعد مسلسل قے اور دست رہتا ہے۔ جس سے متاثرہ مریضوں کی حالت غیر ہو کر اکثر بے ہوش ہوجاتے ہیں۔ مقامی لوگوں نے محکمہ صحت کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مرض پر فوری طور پر کنٹرول کرنے کیلئے طبی ٹیمیں بھیجی جائیں۔