فرنٹیئرفاؤنڈیشن نے ”تھیلی سیمیا سے نجات “مہم کاآغازکردیا

April 25, 2019

پشاور(نیوزڈیسک)فرنٹیئرفاوئڈیشن نے تھیلی سیمیا آگاہی پروگرام کے تحت ” تھیلی سیمیاسے نجات“ مہم کاآغاز کردیا،اس سلسلے میں فرنٹیئرفاؤنڈیشن کے زیراہتمام سیکاس یونیورسٹی پشاور اور وومن چیمبر آف کامرس میں تھیلی سیمیا سے آگاہی کے حوالے سے تقاریب کاانعقادکیاگیا، اس موقع پر فرنٹیئرفاؤنڈیشن کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخرزمان نے شرکاءکو تھیلی سیمیا جیسی خون کی موروثی بیماری کے حوالے سے آگاہ کیااور خاندانوں میں شادی سے قبل تھیلی سیمیا ٹیسٹ کی ضرورت پرزوردیا اور کہا کہ اگر ہم شادی سے پہلے تھیلی سیمیا ٹیسٹ کروالیں تو آئندہ نسلوں کومحفوظ بناسکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ تھیلی سیمیا آگاہی پروگرام کے تحت تھیلی سیمیا سے نجات مہم کاآغاز اسی سلسلے کی کڑی ہے تاکہ تھیلی سیمیا جو عمربھرکی بیماری ہے کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگرکیاجاسکے اور انہیں یہ بھی بتایا جاسکے کہ وہ اگراحتیاط سے کام لیں توننھے بچوں کو انتقال خون جیسے سخت ترین علاج کی تکلیف سے بچایاجاسکتاہے۔