انٹیریئر ڈیزائننگ کے لئے بہترین ایپس

April 28, 2019

ایپس کی دنیا میں کنسٹرکشن اور فلور پلان سے لے کر گارڈننگ کی ایپس تک سبھی کچھ موجود ہے۔ ایسے میں انٹیریئر ڈیزائننگ کی بھی بے شمار ایپس کا ہونا کوئی تعجب کی بات نہیں۔ اگر آپ کو اپنی سہولت کے مطابق گھر کی انٹیریئر ڈیزائننگ کرنی ہے اور اس کے لیے نت نئے آئیڈیازکی تلاش میں ہیں تو اپنے موبائل پر انٹیریئر ڈیزائننگ کی کوئی ایپ ڈائون لوڈ کرلیں، آپ کی پریشانی کا حل نکل آئے گا۔ آئیے جانتے ہیںکہ کونسی بہترین ایپس موجود ہیں، جو اس حوالے سے آپ کی مدد کرسکتی ہیں۔

ایڈوب کلر کیپچر

(Adobe Color Capture)

گھر کی تعمیر کے بعد یا موجود ہ گھر میں رنگ و روغن کروانا، خاص طورپر اس کے لیے موزوں رنگ کا انتخاب کرنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا۔ لیکن ٹیکنالوجی نے اب اس فیصلے کیلئے آسانیاں پیدا کردی ہیں۔ آپ ایڈوب کلر کیپچر ایپ کے ذریعے رنگوں کے امتزاج ، شیپس اور پیٹرن صرف ایک کلک پر دیکھ سکتے ہیں۔ اس ایپ میں کسٹمائزڈ (یعنی آپ کی مرضی کے مطابق ) کلر اسکیم ، تھری ڈی پیٹرن اور ویکٹر گرافکس موجود ہیں، جو دیگر ڈیزائن سوفٹ ویئر پروگرامز سے لنک ہوجاتے ہیں اور آپ کیلئے انٹیرئیر ڈیزائننگ کی ایک نئی دنیا سامنے لاتے ہیں۔

ہیونلی

(Havenly)

اگرآپ ایک ماہر انٹریئر ڈیزائنر کے مشوروں کی تلاش میں ہیں تو اس کا جواب ہیونلی میں موجودہے ۔ گھر کی تزئینِ نو کے لئے یہ ایپ انٹریئر ڈیزائننگ کا حقیقی ماحول فراہم کرتی ہے اور آپ اپنے کمرے کو بجٹ کے مطابق زبردست فنشنگ دیتے ہوئے ایک نیا انداز دے سکتے ہیں۔ پہلے مرحلے میں آپ کو اپنا ڈیزائنر منتخب کرنا ہوتا ہے، پھر اپنی ضرورت کے مطابق سوالا ت کے جوابات دینے ہوتے ہیں۔ ذاتی پسند کےحوالے سے آپ کو اپنے ڈیزائن کو ایپ پر موجود آئیڈیا سے ملا کر دیکھنا پڑتاہے کہ کون سا ڈیزائن زیادہ بہتر دکھائی دے رہاہے۔ آپ کو فلور پلان کے مطابق ایک مکمل شکل بھی نظر آتی ہے۔ اس کے بعد آپ کو اس ڈیزائن کے مطابق لوازمات خریدنے کی ضرورت پڑتی ہے۔

میجک پلان

(Magic Plan)

جیسے کہ نام سے ظاہر ہے کہ یہ فلورپلان کی پیمائش اور اس پر کی جانے والی ڈرائنگ کو آسان بناتا ہے۔ آپ اپنے کمرے کا اسنیپ شاٹ لے کر اس میں ڈالیں گے تو یہ ایپ فاصلوںکی پیمائش کرکے تجزیہ کرتی ہے۔ یعنی آپ کے ڈالے ہوئے فوٹو کی چھت سے فرش تک یا ایک دیوار سے دوسری دیوار تک کا تجزیہ کرکے آپ کیلئےمختلف تجاویز پیش کرتی ہے تاکہ آپ اپنے کمرے یا ڈرائنگ روم میں رکھنے والے فرنیچر یا ڈیکوریشن پیس کےمعاملے میں ابہام کا شکا ر نہ ہوں۔

مائی پینٹون

(MyPantone)

ا س میںکوئی شک نہیں کہ مائی پینٹون ایپ آپ کیلئے رنگوں کا بہترین فیصلہ کرتی ہے۔ جب آپ دورنگوںمیں جیسے کہ سبزی مائل نیلےیا آسمانی نیلے میں پھنس جائیں تو پھر آپ کو اسی ایپ کا فیصلہ ماننا پڑے گا۔ ایک تاریخی کمپنی نے دراصل رنگوںکی ایک معیاری لائبریری مقید کرکے ایک آسان ایپ تخلیق کی ہے تاکہ آپ ایک پیشہ ورماہر ، ڈیزائنر اور مینوفیکچرر کی طرح بالکل درست تناسب میںاپنے گھرکیلئے رنگوں کا انتخاب کرسکیں۔ آپ کی کھینچی گئی تصویر کے رنگوں کو بھی یہ ایپ شناخت کرلیتی ہے اور ماہرانہ طریقے سے رنگ اور پیٹرن تجویز کرتی ہے۔

فرسٹ ڈبز

(1stdibs)

یہ ایپ اکیسویں صدی میں موجود دنیا کی خوبصورت ترین چیزیں سامنے لاتی ہےیعنی اس کے ذریعے دنیا کی بہترین اشیا آپ کی ہتھیلی پر موجود ہوں گی ۔ یہاںآپ دنیا کے مشہور و معروف ڈیلرز، گیلریوںاور ان میں موجود معرکتہ الآرا نوادرات واشیا کو کھوج سکتے ہیں تاکہ آپ کے پیارے سے گھر کے انٹیرئیر کو نیا حُسن و ذوق نصیب ہوسکے۔ ا س ایپ میں سر فہرست ڈیزائنرز اور آرکیٹیکٹس کے ہزاروں منصوبوں کی پوسٹ کردہ تصاویر سے آپ استفادہ کرسکتے ہیں۔ کیمرہ میں ڈالی گئی اپنے کمرے کی تصویر میں آپ آرائشی اشیا و دیگر چیزوں کو رکھ کر دیکھ سکتے ہیں کہ وہ کیسی نظر آتی ہیں اور آپ کے کمرے کو کس طرح دلکش بناتی ہیں۔

وکی ہائو

(WikiHow)

وکی پیڈیا سے آپ نابلد نہیں ہیں، یہ بھی اسی طرز کی ایک ویب سائٹ ہے جہاں آپ کو ہر چیز کرنے، بنانے اور استعمال کرنے کے گُرسکھائے جاتے ہیں۔ اس ویب سائٹ کو ایپ کی شکل دی گئی ہے اور اب آپ اپنے گھر میں بہتری یا تزئینِ نو کے حوالے سے خود سارے کام کرسکتے ہیں۔ وکی ہائو پر مرحلہ وار ہدایات دی جاتی ہیں، ساتھ ہی تصاویر کے ذریعے رہنمائی کی جاتی ہے تاکہ آپ کو کوئی بھی کام انجام دینے میں مشکل نہ ہو۔ بس آپ نے کوئی بھی کام صرف سوچنا ہے اور پھر مدد کرنا اس ایپ کی ذمہ داری ہے، جو یہ احسن طریقے سے نبھاتی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے فرش بچھانے سے لے کر کچن کے کیبنٹ لگانے تک اور وال پیپرز چپکانےسے لے کر صوفے کے غلاف بچھانے تک آپ سب کچھ سیکھ سکتے ہیں۔