’’لگتا ہے بھارت سے پاکستان آ گیا ہوں‘‘

April 26, 2019

آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں گرفتار سندھ اسمبلی کے اسپیکرآغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ بھارت سے پاکستان آ گیا ہوں۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر آغا سراج درانی نےصحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی،ان سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ نیب کسٹڈی سے جیل منتقل ہو گئے ہیں تو اب کیسا محسوس کرتے ہیں؟

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے جواب دیا کہ لگتا ہے کہ بھارت سے پاکستان آ گیا ہوں۔

دوسری جانب احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی کر دی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پیپلزپارٹی کے رہنما اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو آج عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے انکوائری مکمل کرنے کے لیے مہلت طلب کی گئی جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ انکوائری مکمل کرنے کے لیے ٹائم کیوں چاہیے؟

تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ انکوائری ابھی مکمل نہیں ہوئی۔

ادھر آغا سراج درانی کی جانب سے جیل میں بی کلاس کی درخواست دائر کر دی گئی۔

آغا سراج درانی کے وکیل نے کہا کہ نیب کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، آغا سراج اسپیکر سندھ اسمبلی ہیں۔

عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو جیل میں بی کلاس کی فراہمی پر نیب کو نوٹس جاری کر دیے۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی کردی۔