رمضان ریلیف پیکیج، آغاز 2مئی سے ہوگا

April 26, 2019

ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکیج کا آغاز 2 مئی سے ہوگا۔

حکومت پاکستان رمضان ریلیف پیکیج میں آٹا،چینی اور دالوں سمیت 19 اشیا پر سبسڈی دے رہی ہے۔

حکومت کی طرف سے رمضان میں عوام کو دیے جانے والے ریلیف پیکیج کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے بھی رمضان ریلیف پیکیج پر عمل درآمد کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

پیکیج کے تحت گھی پر 15،تیل پر 10، دال چنا پر 20،سفید چنے پر 25 اور چائے کی پتی پر فی کلو 50 روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے پر فی کلو 4، چینی پر 5،دال مونگ پر 15،دال ماش دھلی 10،بیسن20 اور کھجور پر 30روپے فی کلوکا ریلیف دیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق باسمتی چاول پر 15روپے فی کلو،دودھ پر 15 روپے فی لیٹر،مشروبات میں 1500 ملی لیٹر بوتل پر 15 اور 800 ملی لیٹر پر 10 روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر تمام مصالحہ جات پر 10 فیصد تک سبسڈی دی جائے گی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز حکام کے مطابق سبسڈی حکومت کی طرف سے دیے جانے والے 2 ارب روپے کے پیکیج کے تحت دی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق رمضان ریلیف پیکیج میں اس سبسڈی میں مختلف کمپنیوں کا تعاون بھی شامل ہیں۔