کراچی: کروڑوں کی اسمگل شدہ سگریٹ، چھالیہ، گٹکا پکڑا گیا

May 02, 2019

کسٹم نے کراچی کی قدیم ہول سیل مارکیٹ جوڑیا بازار میں ایک بڑی کارروائی کی ہے، جس کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ سگریٹ، چھالیہ اور پان پراگ برآمد کیا گیا ہے۔

کسٹم ذرائع کے مطابق کئی دن کی نگرانی اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کسٹم انٹیلی جنس حکام نے رات گئے کراچی کی قدیم ہول سیل مارکیٹ جوڑیا بازار کی کئی دکانوں اور گوداموں پر چھاپہ مارا۔

اس دوران وہاں چھپائی گئی اسمگل شدہ غیرملکی برانڈ کی سگریٹ کے سینکڑوں کارٹن برآمد کیے گئے، برآمد ہوئے دیگر سامان میں کئی ٹن چھالیہ اور پان پراگ بھی شامل ہے، برآمد کیے گئے سامان کی مالیت کئی کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے تاہم ملزمان کا پتہ لگا لیا گیا ہےجنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔